رام نگر 25 اپریل (ایس او نیوز) چلتی کار پر اچانک درخت گرجانے سے کار پر سوار دو لوگوں کی موقع پرہی موت واقع ہوگئی۔ حادثہ رام نگر کے کمبار پیٹ کے قریب بنگلور۔میسور ہائی وے پر پیر کو پیش آیا۔
مرنےوالوں کی شناخت سُندریش (49) اور تنمیا (9) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثے میں تین لوگ زخمی ہوئے ہیں جن کی شناخت شیلا، گانوی اور سانوی کی حیثیت سے کی گئی ہے جنہیں قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ایک ہی خاندان یہ لوگ پیر صبح ماروتی اومنی کار پر سوار مدّور سے بنگلور کے لئے روانہ ہوئے تھے، اس دوران یہاں موسلادھار بارش ہورہی تھی جس کے چلتے اچانک سڑک کنارے واقع درخت سیدھے ان کی اومنی کار پر گرگیا۔
حادثے کے فوری بعد کچھ دیر کے لئے ہائی وے پر ٹریفک نظام رُک گیا تھا، مگر حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولس جائے وقوع پر پہنچ گئی، نعشوں کو باہر نکالنے اور سڑک کو صاف کرنے کے بعد ٹریفک نظام بحال کیا گیا۔ زخمیوں کو رام نگر کے ضلعی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔